نئی دہلی ، 28؍ اکتوبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جنوبی دہلی پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل اصغر علی کو ایک دوکاندار سے ایک معاملے میں کلین چٹ دینے کے لئے مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔ہیڈ کانسٹیبل کو 6000 روپے کی رشوت لیتے ہوئے پکڑاگیا۔پولیس نے بتایا کہ ایک خاتون نے جنوبی ضلع کے پی جی میں شکایت درج کرکے الزام لگایا تھا کہ اس کا بیٹا ایک جعلی پاسپورٹ استعمال کر رہا ہے۔خاتون کا بیٹا اس کی پہلی شادی سے ہے اور مہرولی میں ایک دکان چلاتے ہیں۔عورت اور اس کے بیٹے کے درمیان اچھے تعلقات نہیں ہیں۔خاتون نے شکایت میں کہا تھا کہ اس کے بیٹے نے جعلی دستاویزات استعمال کرکے پاسپورٹ بنوایا۔پولیس نے کہا کہ پولیس شکایت سیل میں تعینات ہیڈ کانسٹیبل نے دکاندار کو کلین چٹ دینے کے بدلے ایک لاکھ روپے مانگے اور بعد میں یہ رقم کم کرکے25,000روپے کر دی۔
متاثرہ نے اس کے بعد دہلی پولیس کارخ کیا۔جمعہ کو شکایت کنندہ حوض خاص علاقے میں واقع پولیس شکایت سیل میں ہیڈ کانسٹیبل اصغر علی سے ملنے گیا تھا۔ اضافی پولیس کمشنر آر کے جھا نے بتایا کہ ملزم پولیس اہلکار نے شکایت کنندہ سے 6,000روپے کی رشوت لی۔ انہوں نے بتایا کہ ہیڈ کانسٹیبل کو گرفتار کر لیا گیا اور اس سے رشوت کی رقم برآمد کر لی گئی۔